Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

تیز ہو جاتا ہے خوشبو کا سفر شام کے بعد


تیز ہو جاتا ہے خوشبو کا سفر شام کے بعد
پھول شہروں میں بھی کھلتے ہیں مگر شام کے بعد

اس سے دریافت نہ کرنا کبھی دن کے حالات
صبح کا بھولا جو لوٹ آیا ہو گھر شام کے بعد

دن ترے ہجر میں کٹ جاتا ہے جیسے تیسے
مجھ سے رہتی ہے خفا میری نظر شام کے بعد

قد سے بڑھ جائے جو سایہ تو برا لگتا ہے
اپنا سورج وہ اٹھا لیتا ہے ہر شام کے بعد

تم نہ کر پاؤ گے اندازہ تباہی کا مری
تم نے دیکھا ہی نہیں کوئی شجر شام کے بعد

میرے بارے میں کوئی کچھ بھی کہے سب منظور
مجھ کو رہتی ہی نہیں اپنی خبر شام کے بعد

یہی ملنے کا سمے بھی ہے بچھڑنے کا بھی
مجھ کو لگتا ہے بہت اپنے سے ڈر شام کے بعد

تیرگی ہو تو وجود اس کا چمکتا ہے بہت
ڈھونڈ تو لوں گا اسے نورؔ مگر شام کے بعد

کرشن بہاری نور 
 

Post a Comment

0 Comments