Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

ریلوے ٹائم ٹیبل : ایک کتاب نے مجھے بطور خاص متاثر کیا ہے

میرے دوست ’’ن‘‘ کو مطالعہ کا بے حد شوق ہے۔ وہ اکثر کتابوں کے بارے میں مجھ سے تبادلہ خیالات بھی کرتے رہتے ہیں۔ ادھر میرا یہ حال ہے کہ کتاب کے ذکر سے کوسوں دور بھاگتا ہوں لیکن کیا کروں‘ مجبور ہوں! دوستی میں ہر طرح کی قربانی کرنی پڑتی ہے۔ پھر بھی بعض اوقات طبیعتوں کا تصادم رونما ہو ہی جاتا ہے۔ مثلاً پرسوں کی بات ہے مجھ سے کہنے لگے‘‘ تم نے جو کتابیں پڑھی ہیں ان میں سے دلچسپ ترین کتاب کا نام اور ایسی کتاب جس نے تمہیں روحانی طور پر اوپر اٹھایا ہو‘ تمہارے احساسات کو اپنی گرفت میں لا کر تمہیں دنیا و مافیہا سے اس درجہ بے نیاز کر دیا ہو کہ…میں نے فقرے کے ختم ہونے کا انتظار کیے بغیر عرض کیا کہ مجھ ایسے اجڈ دیہاتی کی نظروں میں تو سب کتابیں ایک جیسی ہیں‘ پھر بھی ایک کتاب نے مجھے بطور خاص متاثر کیا ہے اور اس میں میری دلچسپی کا یہ عالم ہے کہ شاید ہی اس کا کوئی ایڈیشن چھپا ہو جسے خریدنے کا فخر مجھے حاصل نہ ہوا ہو۔ 

میرے دوست کہ کتابوں کا انہیں بے حد شوق ہے‘یکایک اپنی جگہ سے اچھل پڑے اور پھولے ہوئے سانس کے ساتھ کہنے لگے…‘‘ دکھائو! دکھائو! مجھے وہ کتاب دکھائو ایسی کون سی کتاب ہو سکتی ہے؟‘‘ میں نے بہتیرا کہا کہ کبھی دیکھ لینا۔ ایسی جلدی بھی کیا ہے۔ لیکن وہ اس قدر مصر ہوئے کہ میں مزید انکار کر ہی نہ سکا۔ چنانچہ میں انہیں اپنی اس الماری کے پاس لے گیا جس میں میرا کل اثاثہ بند پڑا ہے۔ دفتر کے فائل قلمدان‘ دو تین پیپر ویٹ اور گتے کے چند ٹکڑے تو اوپر والے خانے پر قابض ہیں۔ درمیانی خانے میں کچھ پلیٹیں‘ آگ جلانے کا سٹوو اور کچے ٹماٹروں کی ایک رکابی پڑی ہے اور پھر وہ نچلا خانہ جس میں ایک ہی وضع کی دو درجن کتابیں پڑی۔ ترتیب اور سلیقے سے ایک دوسری کو سہارا دئیے کھڑی ہیں۔ میرے دوست لپک کر اس تیسرے خانے کی طرف بڑھے اور پہلے ہی حملے میں کتابوں کی کئی جلدیں نکال کر لے آئے۔ 

بجلی کی سی تیزی کے ساتھ انہوں نے ان جلدوں پر نگاہ دوڑائی۔ ایک قہر آلود نظر مجھ پر ڈالی۔ ایک نظر پھر ان کتابوں کی طرف دیکھا اور پھر انتہائی مریل سی آواز میں کہنے لگے…‘‘ یہ تو ریلوے ٹائم ٹیبل ہیں‘‘۔ میں نے عرض کیا ’’1935 کے بعد کا ہر ایڈیشن میرے پاس موجود ہے‘‘۔ اس بات کا کوئی جواب نہیں آیا۔ خاموشی‘ گہری خاموشی! سناٹا‘ گہرا سناٹا! پھر قدموں کی چاپ‘ دروازہ کھلنے اور پٹ کے دہلیز کے ساتھ زور سے ٹکرانے کی آواز۔ اس کے بعد جو خاموشی مسلط ہوئی۔ وہ میرے اور ان کے درمیان ابھی تک قائم ہے۔ ممکن ہے آپ میرے دوست کے ردعمل کو حق بجانب قرار دیں اور ریلوے ٹائم ٹیبل سے میری جذباتی وابستگی کو محض ایک نفسیاتی عارضہ کہہ کر مسترد کر دیں۔ 

خدانخواستہ اگر آپ اس غلطی کے مرتکب ہوئے تو میں یہ کہے بغیر نہ رہ سکوں گا کہ خود آپ نے کبھی ریلوے ٹائم ٹیبل کا بطور کتاب مطالعہ نہیں کیا۔ ممکن ہے آپ کو کبھی ریلوے ٹائم ٹیبل سے مستفید ہونے کی نوبت ہی نہ آئی ہو۔ اور آپ نے ریل کی آمدورفت کے اوقات ریلوے قلی سے دریافت کر لینے پر ہی اکتفا کیا ہو۔ یا شاید آپ نے ایک شدید افراتفری اور ذہنی انتشار کے عالم میں ریلوے ٹائم ٹیبل کی طرف رجوع کیا ہو۔ جبکہ آپ کی تمام تر توجہ منزل پر مرکوز تھی یا آپ سفر کی دوسری تیاریوں میں الجھے ہوئے تھے… میرا معاملہ اس سے قدرے جداگانہ نوعیت کا ہے کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ میں ریل میں شاید ہی کبھی سفر کرتا ہوں‘ میرے حالات ہی کچھ ایسے ہیں۔ 

چنانچہ مجھے یاد نہیں کہ میں نے کبھی کسی خاص سفر کے پیش نظر ریلوے ٹائم ٹیبل کی طرف رجوع کیا ہو۔ اس کے باوجود‘ جیسا کہ میں نے ابھی ابھی عرض کیا‘ میرے نزدیک ریلوے ٹائم ٹیبل سب سے دلچسپ کتاب ہے اور میں نے ہمیشہ دھڑکتے ہوئے دل کے ساتھ اس کے ہر نئے ایڈیشن کا خیر مقدم کیا ہے۔ کیوں؟ میں عرض کرتا ہوں کہ کیوں؟ سفر کرنے کے فوائد اور نقصانات پر تفصیلی بحث تو اردو کی تیسری کتاب میں ہو چکی ہے۔ چنانچہ میں اسے موضوع نہیں بنائوں گا۔ البتہ اس بات کا اظہار مقصود ہے کہ اردو کی تیسری کتاب کے مصنفین نے کوئی ایسا نسخہ تجویز نہیں کیا جس سے سفر کا سارا لطف تو حاصل ہو جائے لیکن سفر کی کوفت میں مبتلا نہ ہونا پڑے۔ یہ نسخہ میں تجویز کرتا ہوں اور توقع رکھتا ہوں کہ میرے اس نسخے کو وہ تمام ہمدردی حاصل ہو گی جس کا یہ مستحق ہے۔ نسخہ ہے ریلوے ٹائم ٹیبل! اور طریق استعمال یہ ہے کہ آپ ریل میں سفر کرنے سے توبہ کر لیں۔ لیکن ریلوے ٹائم ٹیبل کا مطالعہ پورے انہماک اور توجہ سے جاری رکھیں۔ خدا نے چاہا تو آپ کی مراد ضرور پوری ہو گی۔

وزیر آغا

Post a Comment

0 Comments