Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

حرف کار : اردو زبان کا پہلا سافٹ ویئر

اردو زبان میں اپنی نوعیت کا پہلا سافٹ ویئر تیار کر لیا گیا ہے جو خود کار طریقے سے املا کی غلطیاں درست کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سافٹ ویئر کے مارکیٹ میں آنے سے نہ صرف اردو املا کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اردو ذرائع ابلاغ کی دنیا میں بھی ایک انقلاب برپا ہو جائے گا۔ یہ اردو کا پہلا سافٹ ویئر ہے جو نہ صرف غلط الفاظ کی نشان دہی کرتا ہے بلکہ ایک ہی کلک سے عبارت میں موجود سیکڑوں غلط الفاظ کو خود کار طریقے سے پلک جھپکنے میں درست بھی کر دیتا ہے، اس سافٹ ویئر سے جہاں اردو میں پروف ریڈنگ کے مسائل حل کرنے میں آسانی ہو گی وہیں اردو کا ایک ہی املا رائج کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ سافٹ ویئر ممتاز شاعر اور ناول نگار اختر رضا سلیمی اور معروف سافٹ ویئر پروگرامر سعید رضا خان اور ان کی ٹیم نے 2 سال کے عرصے میں تیار کیا ہے۔ 

ممتاز شاعر اورمقتدرہ قومی زبان کے سربراہ افتخار عارف نے کہا کہ حرف کار سافٹ ویئر اردو کی ترویج و ترقی کے حوالے سے ایک بڑا کارنامہ ہے جس کی جتنی بھی تحسین کی جائے کم ہے۔ انھوں نے کہا کہ اختر رضا سلیمی، سعید رضا خان اور ان کی ٹیم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اردو کا مستقبل ہر حوالے سے روشن ہے۔ اختر رضا سلیمی نے کہا کہ سافٹ ویئر کی تیاری میں اردو کی تمام اہم جدید و قدیم لغات کے ساتھ ساتھ اردو کے قدیم و جدید سرمایے سے استفادہ کیا گیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی قومی زبان اردو کا ایک ہی املا رائج ہو۔ سافٹ ویئر پروگرامر سعید رضا خان نے کہا کہ یہ سافٹ ویئر ڈاٹ نیٹ میں تیار کیا گیا ہے اور اس میں کوئی بھی تھرڈ پارٹی ٹول استعمال نہیں کیا گیا اور یہ صرف ایک ہی بوٹ ایبل فائل پر مشتمل ہے جسے انسٹال کرنے کی ضرورت بھی پیش نہیں آتی۔

بشکریہ ایکسپریس نیوز

Post a Comment

0 Comments