جارج سیمل ایک جرمن فلسفی اور ماہر عمرانیات تھا۔ وہ ان اولین افراد میں سے تھا جنہوں نے کانٹ کے نظریات کو نئی شکل دے کر سماج کو سمجھنے کی کوشش کی۔ جس طرح کانٹ نے سوال کیا تھا کہ ’’فطرت کیا ہے؟‘‘ اسی طرح سیمل نے سوال کیا کہ ’’سماج کیا ہے؟‘‘ اسی سوال کو آخر بڑھا کر اس نے جدید عمرانیات میں اہم پیش رفت کو جنم دیا۔ بعض لوگ اسے جدید سماجیات کا بانی قرار دیتے ہیں جبکہ اس خیال کی مخالفت بھی موجود ہے۔ سیمل برلن میں یکم مارچ 1858ء کو پیدا ہوا۔
اس کے والد نے ایک چاکلیٹ کی فیکٹری قائم کی اور ایک کامیاب کاروباری بن گیا۔ 16 سال کی عمر میں اس کے والد کا انتقال ہو گیا اور اس نے خاصی جائیداد چھوڑی۔ اس نے 1876ء میں یونیورسٹی آف برلن میں فلسفہ اور تاریخ کا مطالعہ کرنا شروع کیا۔ پانچ برس بعد اس نے کانٹ کے مادہ سے متعلق فلسفے پر پی ایچ ڈی کی۔ اس کے بعد اس نے یونیورسٹی آف برلن میں لیکچر دینا شروع کیے جو بہت مقبول ہو گئے۔ بطور استاد اس نے بہت جلد ترقی کی منازل طے کیں۔ اس کی فکر پر ہیگل، مارکس، شوپنہار اور نطشے کا اثر رہا۔ اس کا انتقال 60 برس کی عمر میں 1918ء میں ہوا۔
0 Comments