Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

مطالعہ کیجیے

کسی بھی کام میں باقاعدگی اور مستقبل مزاجی بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اگر باقاعدگی اور استقامت کے ساتھ کوئی بھی مشکل سے مشکل کام کیا جائے تو اس کی رکاوٹیں اور مسائل دور ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح مطالعہ میں باقاعدگی اور مستقل مزاجی بہت ضروری سمجھی جاتی ہے کیونکہ دلجمعی اور حاضر دماغی کے بغیر مطالعہ نہیں ہوتا۔ یہ وقت کا ضیاع ہے۔ مطالعہ ہر میدان سے وابستہ افراد کے لیے ضروری ہے۔ اس سے ذہنی استعداد و قابلیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ بہتر اور مؤثر مطالعہ کے لیے درج ذیل اہم اور مفید نکات پیش ہیں۔ اگر آپ سٹوڈنٹ ہیں یا کسی ادارے یا شعبے سے وابستہ ہیں تو اس سے اولین کام علیحدہ اور پر سکون ماحول کا ہونا ہے کیونکہ پر سکون ماحول میں مطالعہ زیادہ توجہ اور دلجمعی کے ساتھ ہوتا ہے اور ادھر اُدھر کی سوچ بچار میں وقت ضائع نہیں ہوتا۔ 

علیحدہ کمرے کے انتخاب کے بعد ٹائم ٹیبل کے مطابق وقت کو چھوٹے چھوٹے وقفوں میں تقسیم کریں۔ اس سے آپ کی طبیعت پر گرانی نہیں گزرے گی اور بہتر طریقے سے مطالعہ ہو سکے گا۔ دوران مطالعہ غیر ضروری خیالات ذہن سے جھٹک دیں اور حاضر دماغی کے ساتھ مطالعہ پر توجہ دیں تاکہ تھوڑے وقت میں زیادہ سے زیادہ مطالعہ کیا جا سکے۔ مطالعہ کو اپنے اوپر ایک مشقت اور سختی نہ بننے دیں بلکہ ہر قسم کے مطالعہ میں دلچسپی کے عنصر نمایاں رکھیں۔ اس کے لیے بسا اوقات تفریحی پروگرام میں شرکت کریں۔ سیر اور آرام کے لیے بھی وقت نکالیں تاکہ ذہنی تھکان اور بوریت پیدا نہ ہو۔ جذباتی انداز اور اندھا دھند پڑھائی غیر مفید ہوتی ہے۔ اس سے اعصابی تناؤ بڑھتا ہے۔ اس لیے مناسب حکمت عملی اور خاص منصوبہ بندی سے مطالعہ کریں۔ 

جب آپ ایک سیشن میں اپنی منتخب شدہ تحریروں کا مطالعہ کر لیں تو اس کے اختتام پر ایک طائرانہ نظر دوبارہ ڈالیں اور مکمل سیشن میں پڑھے ہوئے مواد کو دہرائیں۔ ضروری باتوں کو لکھنے کی عادت اپنائیں طلبا کو خاص طور پر اس حکمت عملی پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔ اس سے پڑھی جانے والی باتیں ذہن نشین رہتی ہیں۔ مطالعے کے بہتر نتائج اور حافظے کو مضبوط کرنے کا طریقہ کار یہ ہے کہ یاد کیے گئے الفاظ یا واقعات کو اپنے عملی فعل میں استعمال کریں یا نئے الفاظ کو کسی ذاتی حوالے سے یاد کریں۔ اس طرح بہتر طور پر الفاظ ذہن نشین ہوتے ہیں۔ اپنے مطالعہ کے کمرے میں ریڈیو، ٹی وی یا کوئی ایسی سرگرمی نہ ہونے دیں جس سے آپ کی توجہ کسی دوسری طرف مبذول ہو اس لیے کمرہ مطالعہ کا ماحول سازگار رکھیں۔

فاخرہ خان


 

Post a Comment

0 Comments