وفاقی حکومت کے ادارے ’’اردو ڈکشنری (لغت) بورڈ‘‘ نے 22 جلدوں اور ہزاروں صفحات پر مشتمل اردو لغت کو دو جلدوں پرمنتقل کر کے ’’مختصر اردو لغت‘‘ کے نام سے مختصر ( concise) ڈکشنری تیار کر لی ہے۔ جس کی پہلی جلد شائع ہو چکی اور دوسری اشاعت کے مرحلے میں ہے جبکہ 22 جلدوں پر مشتمل اردولغت کی موبائل فون اپلیکشن کی تکمیل کرتے ہوئے تلفظ (pronunciation) کے لیے اس میں باقاعدہ آواز (اسپیکر) کا آپشن بھی شامل کر دیا ہے۔ اردو لغت کی موبائل اپلیکیشن میں سائونڈ کا آپشن ’’اسپیکر‘‘ شامل کیے جانے کے بعد محض 4 ماہ میں اپلیکیشن استعمال کرنے والوں کی تعداد 15 ہزار سے بڑھ کر 85 ہزارتک جا پہنچی ہے۔
وفاقی وزارت براڈ کاسٹنگ کے تحت قائم قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے ماتحت ادارے اردو ڈکشنری بورڈ کی جانب سے تیار کی گئی مختصر اردو لغت میں بعض الفاظ کے اضافے کے ساتھ ساتھ کچھ پرانے الفاظ کے معنوں میں نئی جہتوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ کچھ وہ الفاظ بھی شامل کیے گئے ہیں جو گذشتہ دہائیوں میں 22 جلدوں کی تیاری اوراشاعت کے وقت بول چال میں شامل تھے تاہم لغت میں شامل ہونے سے رہ گئے تھے۔ اردو لغت بورڈ کے مدیراعلیٰ (ایڈیٹر انچیف) عقیل عباس جعفری نے ’’ایکسپریس‘‘کو بتایا کہ مختصر اردو لغت میں شامل کیے گئے اضافی الفاظ میں ’’ سہولت کار، بھتا، ابلاغ عامہ، احتیاطی تدابیر، اخبار نویسی، اختلاف رائے، اختلافات، ارض وسما، استصواب رائے، اعدادوشمار اور افسانوی‘‘سمیت دیگرالفاظ شامل ہیں۔
اردو لغت بورڈ کے مدیراعلیٰ عقیل عباس جعفری کے مطابق اردو لغت کی اپلیکیشن پر گذشتہ برس مارچ 2018 میں کام شروع ہوا تھا اور 2 لاکھ 60 ہزارالفاظ کی علیحدہ علیحدہ فائلیں بنائی گئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ہر لفظ پر علیحدہ علیحدہ اسپیکر لگایا گیا۔ انھوں نے بتایا کہ ’’وائس آرٹس‘‘ کے انتخاب کے لیے شکیل عادل زادہ اور رضاعلی عابدی پر مشتمل ایک علیحدہ کمیٹی بنائی گئی جنھوں نے 7 افراد کا آڈیشن لے کر ان میں سے تحسین فاطمہ کا انتخاب کیا اور اردو لغت بورڈ کی اس اپلیکیشن پر تلفظ کی ادائیگی کے لیے ان کی آواز شامل کی گئی ہے۔
اپلیکیشن کا لنک ادارے کی ویب سائٹ www.udb.gov.pk پر بھی موجود ہے۔ اپلیکیشن کی تیاری کے لیے مجموعی طورپر 2 کروڑ 46 لاکھ روپے کے اخراجات آئے جن میں 1 کروڑ 32 لاکھ روپے محض الفاظ اور ان کے معنی کے لیے پہلے مرحلے میں جبکہ اسپیکر کے دوسرے مرحلے کے لیے 1 کروڑ 14 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ انھوں نے بتایا کہ 22 جلدوں پر مشتمل اردو لغت کو سی ڈیز میں منتقل کرنے کے کام کا آغاز بھی ہو چکا ہے۔ دوسری جانب جب ان سے ادارے کی صورتحال پر سوال کیا گیا تو انھوں نے انکشاف کیا کہ اردو لغت بورڈ میں مختلف گریڈ کی 55 اسامیوں میں سے 29 خالی ہیں، یہ افراد ریٹائر ہو چکے ہیں، صرف 26 افراد کام کر رہے ہیں اور ان 26 میں سے بھی صرف 5 افراد اسکالرز کی اسامیوں پر لغت کا کام کر رہے ہیں، باقی تمام افراد مختلف گریڈز کے آفس ورکرز ہیں ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خالی اسامیوں کی تفصیلات تومانگی گئی ہیں تاہم ان پر بھرتیوں کے لیے ابھی کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔
0 Comments