Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

کرنل محمد خان کے بارے میں

کرنل محمدخان پانچ اگست 1910ء کو ضلع چکوال کے قصبے بلکسر میں پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان کے نامور مزاح نگار اور پاک فوج کے شعبۂ تعلیم کے ڈائریکٹر تھے۔ انہوں نے برطانوی دور میں دوسری جنگ عظیم میں مشرق وسطیٰ اور برما کے محاذ پر خدمات انجام دیں۔ پاک فوج کی ملازمت کے دوران کرنل محمد خان نے کتاب بجنگ آمد تصنیف کی جو ایک مزاحیہ سوانح ہے، ان کی اس کتاب کو اردو ادب میں سنگِ میل کی حیثیت حاصل ہے۔ اسی کی کامیابی کے بعد انہیں اردو کے بلند پایہ مزاح نگاروں میں شمار کیا جانے لگا۔ کرنل محمدخان، مشتاق احمد یوسفی، ضمیر جعفری اور شفیق الرحمن کے ہم عصر تھے۔ 

ممتاز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کرنل محمد خان کے بارے میں کہتے ہیں: ’’اردو مزاح کو کرنل محمد خان نے ایک نیا بانکپن اور اندازِ دلبری بخشا ہے، جو صرف انہی کا حصہ ہے۔‘‘ ظہیر فتح پوری کرنل محمد خان کے بارے میں کہتے ہیں:’’ مستنصر حسین تارڑ کے بعد کرنل محمدخان ہیں جنہیں ہر جگہ ہر مقام پر کسی نہ کسی حسینہ نے صرف سلام نہیں کیا … سلامِ محبت بھی کیا ہے۔‘‘ رشید نثار کرنل محمد خان کی شخصیت، تحریر، اندازِ تحریر اور کمال فن کا احاطہ کرتے ہوئے اپنے ایک تنقیدی مضمون میں ان کے بارے میں رقم طراز ہیں:’’کرنل محمد خان ہمارے عہد کے ذہین مزاح نگار تھے۔ 

انہوں نے اپنی ذہانت کو صیغۂ راز میں رکھا۔ ایک دن اچانک ان کے قلم نے شاہکار مزاحیہ ادب تخلیق کیا اور یہ باور کرایا کہ فوجی انسان جس کے ذہن میں جنگ اور امن دونوں ساتھ ساتھ آغاز کرتے ہیں، انسانی یک جہتی اور تحفظ کا احساس اور…دائمی مفاہمت اور خلوص کی تائید کے لیے تخلیقی مزاح لکھتا ہے… مزاح کرنل محمد خان کے لیے حسنِ فطرت کا درجہ رکھتا ہے۔‘‘آپ کا انتقال 23 اکتوبر 1999ء میں ہوا۔

معروف آزاد


 

Post a Comment

0 Comments