بین الاقوامی طور پر اس حقیقت کا اعتراف کیا جاتا ہے کہ مولانا جلال الدین رومیؒ کی بزرگ شخصیت قریباً ساری دنیا پر چھائی ہوئی ہے۔ اُن کی شاہکار مثنوی کو انتہائی برگزیدہ تصور کیا جاتا ہے۔ مختلف مسلمان دانشور اور صوفیا ء اس کلام میں پنہاں دانش و تصوف کو الہام کا سا درجہ دیتے ہیں۔ مولانا رومؒ، افغانستان کے شہر بلخ میں آٹھ صدی قبل پیدا ہوئے تھے۔ زندگی کی کئی بہاریں مختلف ملکوں میں گزارنے کے بعد آخرکار وہ ترکی کے شہر قونیا میں آباد ہو گئے ۔ اسی شہر میں سے گزرنے والے ایک اور درویش شاہ شمس تبریز ؒنے اُن کی زندگی کی کایا پلٹ دی تھی اور ایک فلسفی و دانشور کو روحانیات کی حیران کن دنیا سے روشناس کرادیا تھا۔
مولانا روم،ؒ رحلت کے بعد اسی شہر میں مدفن ہیں۔ ترکی اور ایران نے مولانا روم ؒکے عالمی ادب کی عظیم میراث ’مثنوی معنوی‘ اور دوسرے منظوم کلام کو اقوام متحدہ کے خصوصی پروگرام ’یادداشت ِ جہاں‘ کے تحت رجسٹر کرانے کی مشترکہ درخواست دی ہے۔ یادداشت ِ جہاں کا رجسٹر دفتر اقوام متحدہ کے کلچرل ادارے یونیسکو کے زیر نگرانی کام کرتا ہے۔ اقوام متحدہ کا یہ خاص ادارہ عالمی اہمیت کی تاریخی دستاویزات، اہم شخصیات کے خطوط اور تحریروں کو محفوظ کرنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ ادارہ خاص طور پر بحران زدہ علاقوں میں ایسی ہی قیمتی اور تاریخی نوادرات کو محفوظ کرنے کی کوشش میں ہے۔ مولانا رومؒ کی تخلیقات کو محفوظ کرنے کی درخواست تہران اور انقرہ حکومتوں نے دو ماہ قبل مئی کے مہینے میں جمع کرائی تھی۔ دونوں ملکوں کی اس کوشش پر افغانستان کی وزارتِ اطلاعات و ثقافت نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ کابل سے افغان وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ افغانستان کو اس پر فخر ہے کہ عظیم صوفی شاعر ان کے ایک علاقے بلخ میں پیدا ہوئے تھے۔
افغان وزارت کے ترجمان ہارون حکلیمی کا کہنا ہے کہ اس مناسبت سے اقوام متحدہ کے ادارے نے کابل حکومت سے بات چیت کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی۔ ہارون حکلیمی نے اس کا اعتراف کیا کہ ایران اور ترکی یقینی طور پر اس معاملے میں افغانستان پر سبقت لے گئے ہیں، لیکن وہ یونیسکو کو قائل کریں گے کہ مولانا رومؒ کی تخلیقات پر اُن کا حق بھی تسلیم کیا جائے۔ افغانستان میں مولانا رومؒ کو مولانا جلال الدین بلخی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ بلخ صوبے کے گورنر اور سابقہ جنگی سردار عطا محمد نور نے کابل حکومت پر دباؤ ڈال رکھا ہے کہ وہ یونیسکو کے ساتھ اس معاملے پر مذاکرات کرتے ہوئے افغان نقطۂ نظر کی وضاحت کرے۔
بلخ یونیورسٹی کے دانشور پروفیسر صادق عصیان کا کہنا ہے کہ مولانا روم افغانستان کی ثقافت کا اہم حصہ ہیں اور صرف دو ملکوں سے اُن کا تعلق جوڑنا افغانستان کی توہین اور اس کی ثقافت کے لیے خطرہ ہو سکتا ہے۔ مولانا رومؒ بلخ میں 1207ء میں پیدا ہوئے تھے۔63 برس کی عمر میں اُن کی رحلت ترک شہر قونیا میں ہوئی تھی۔ امریکی فلمی صنعت ہالی وڈ ،مولانا رومؒ کے شاہ شمس تبریزؒ سے ملنے کے بعد کے واقعات پر فلم بنانے کا اعلان کر چکی ہے۔ مشہور اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو اس فلم میں مولانا رومؒ کا کردار ادا کریں گے۔
عابد حسین
0 Comments