Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

کتابوں کو کس طرح ترتیب دیں؟

اگر آپ کو بھی کتابوں سے جنون کی حد تک محبت ہے، لیکن یہ نہیں جانتے کہ کتابوں کو کس طرح ترتیب دیا جائے، تو یقینا آپ کے گھر میں بے شمار کتابیں بکھریں نظر آتی ہوں گی، جس سے نہ صرف کتابوں کو نقصان کا اندیشہ رہتا ہے بلکہ گھر میں بھی عموماً اس پر بحث مباحثہ چلتا ہے۔ کتابوں کو ترتیب دینے سے نہ صرف کتابوں کی حفاظت اچھی طرح ممکن ہوتی ہے بلکہ بے شمار کتابوں میں سے اپنی پسند کی کتاب نکالنے میں بھی انتہائی آسانی ہوتی ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ کتابوں کو کس طرح رکھا جائے، تو اس کا ایک ہی جواب ہے اور وہ یہ کہ ایک گھر میں بک شیلف رکھیں اور بک شیلف کو کس طرح ترتیب دیا جائے؟ تو اس سوال کا جواب آپ کو بتاتے ہیں: حروف تہجی کے مطابق ترتیب دیں یہ طریقہ سب سے آسان اور عام طور پر استعمال کیا جانے والا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو کتابوں کے نام سے کتاب تلاش کرنے میں اس قدر آسانی ہوتی ہے کہ لمحہ بھر میں ہی اپنی کتاب تک پہنچ جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ آپ چاہیں تو مصنف کے پہلے یا آخری نام کے ساتھ بھی کتابوں کو ترتیب دے سکتے ہیں۔ موضوعات کے مطابق کتابوں کو تقسیم کریں اگر یہ کہا جائے کہ یہ کتابوں کو تلاش کرنے کا سب سے آسان ترین طریقہ ہے، تو شاید غلط نہ ہو۔ آپ ادب، فلسفہ، افسانہ، تاریخ، مذہب سے متعلق کتابوں کو الگ الگ شیلف میں رکھ دیں، پھر جس موضوع پر بھی کتاب پڑھنے کو جی چاہے، فوراً اٹھا کر مطالعہ شروع کرلیں۔ خریدی گئی اور تحفتاً ملنے والی کتابیں الگ الگ اگر آپ یہ چاہتے ہیں کہ آپ ان لوگوں کو ہمیشہ یاد رکھیں جنہوں نے کتاب جیسا قیمتی تحفہ آپ کو دیا ہے، تو اس کے لیے آسان طریقہ یہی ہے کہ تحفے کی صورت ملنے والی تمام کتابوں کو الگ شیلف میں رکھ دیں اور جو آپ نے خود خریدی ہیں، انہیں الگ رکھ دیں تاکہ آپ دونوں میں فرق کرسکیں اور آپ کو یہ یاد بھی رہے کہ آپ کو کس نے اور کون سی کتاب کب تحفے میں دی تھی۔ رنگوں کے اعتبار سے تقسیم اگر آپ بک شیلف کو خوبصورت رنگ دینا چاہتے ہیں ،تو کتابوں کو ان کے رنگوں یعنی ان کے کور پر موجود رنگوں کے حساب سے بھی تقسیم کرسکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے یہ عین ممکن ہے کہ آپ کے گھر میں ہر وقت ہی ’رینبو‘ نظر آنا شروع ہوجائے۔ پبلشرز کے اعتبار سے تقسیم کردیں اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی مختلف کتابیں ایک ساتھ گھل مل نہ جائیں، تو اس کو روکنے کا ایک حل یہ بھی ہے کہ اپنی کتابوں کو پبلشرز کے اعتبار سے تقسیم کردیں، یعنی ہر پبلشر کی کتابوں کو الگ الگ کرکے رکھ دیں۔

 (ترجمہ وبحوالہ ٹائمز آف انڈیا) 

Post a Comment

0 Comments