Urdu Classics

6/recent/ticker-posts

نیویارک پبلک لائبریری

نیویارک بلند و بالا عمارات اور چکا چوند کر دینے والی روشنیوں کا شہر ہے۔ اس میں عام لوگوں کے لیے تقریباً ساڑھے چھے ہزار بڑے کتب خانے علم و دانش کی روشنی پھیلانے میں مصروف ہیں۔ ان کتب خانوں میں نیویارک کا پبلک کتب خانہ نمایاں حیثیت رکھتا ہے۔ اس کتب خانے کا آغاز 1895ء میں ہوا۔ اس کی وسعت اور خدمات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نیویارک میں اس کتب خانے کی 61 شاخیں موجود ہیں۔ کتب خانے میں (نیویارک پبلک لائبریری) دنیا کی تقریباً ہر زبان میں چھپی ہوئی 45 لاکھ کتابیں موجود ہیں۔

 ان میں صرف ہسپانوی زبان کی کتابوں کی تعداد سات لاکھ ہے۔ ان کے علاوہ چینی، ڈچ، فنش، فرانسیسی، جرمن، یونانی، ہنگری ، اطالوی، نارویجن، پولش، رومانین، سویڈش زبانوں کی کتابیں ہیں۔ عبرانی زبان میں بھی کافی تعداد میں کتابیں موجود ہیں۔ 45 لاکھ کتب کا یہ عظیم ذخیرہ خوبصورت الماریوں میں آراستہ کیا گیا ہے۔ ان الماریوں کی لمبائی 67 میل بتائی جاتی ہے۔

 ہر شیلف اور کتاب پر اس کے شناخت نمبر لکھے گئے ہیں۔ کتب خانے میں عملے کی تعداد کا اندازہ اس طرح لگایا جا سکتا ہے کہ سات سو لائبریرین اور کلرک دن بھر اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف رہتے ہیں اور تقریباً 10 ہزار سے زائد قارئین اور شائقینِ مطالعہ روزانہ کتب خانہ میں آتے ہیں۔ کتب خانے کی خوبصورت عمارت شہر کی مصروف شاہراہ پر واقع ہے۔ اس کے جنوب میں ایک سر سبز و شاداب پارک ہے ۔ 
یہاں موسم گرما میں لوگ درختوں کے سائے اور کھلی ہوا میں مطالعہ کرتے ہیں۔ کتب خانے میں دو نگار خانے ہیں جن میں تصویروں کے نادر نمونے سجائے گئے ہیں جب کہ ایک بڑے کمرے میں تمام ملکوں کے بڑے بڑے نقشے آویزاں ہیں۔ کتب خانے کے وسیع و عریض ہال میں مطالعہ کی میزیں آراستہ ہیں جن میں قارئین اور ریسرچ اسکالرز پر سکون ماحول میں بیٹھتے ہیںاور تحقیق و مطالعہ میں غرق ہو جاتے ہیں۔ مطالعہ کے کمروں کے چاروں اطراف حوالہ جاتی کتابوں کے شیلف آراستہ ہیں جن میں فہرست کتب، اشاریے وغیرہ رکھے گئے ہیں۔ 

مطالعہ کی میزوں کے ساتھ جدید آلات کی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں۔ مائیکرو فلم اور مائیکرو فش پر محفوظ علمی مواد کے مطالعہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ وقتِ ضرورت قاری اپنے مطلوبہ مواد کی فوٹو کاپی بھی حاصل کر سکتا ہے۔ کتب خانے کا انتظام ڈائریکٹروں کے ایک بورڈ کے سپردہے جن کا تقرر چنائو کے ذریعے ہوتا ہے۔ کتب خانے کا لائبریرین بورڈ کا ایگزیکٹو آفیسر ہوتاہے۔ لائبریریں سے کتابیں پندرہ یوم کے لیے جاری کی جاتی ہیں۔ 

اشرف علی


Post a Comment

0 Comments